بنگلورو،19؍مئی (ایس او نیوز) ریاست بھرمیں ویکسین کی قلت کے بحران کی وجہ کانگریس قائدین کی بچکانہ حرکتیں ہیں۔کانگریس کی بچکانہ سیاست کی وجہ سے آج ملک میں ویکسین کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے۔اس قسم کاگمبھیرالزام ریاستی سابق وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی نے عائدکیاہے۔
انہوں نے کہاکہ ویکسین کے لیے 100کروڑروپے دینے کی پیشکش کرنے والے کانگریس قائدین یہ رقم اپنے گھروں سے لاکرنہیں دیں گے،ان کوحکومت کی جانب سے جوفنڈمل رہاہے اس فنڈسے یہ رقم دینے پرکانگریس لیڈرآمادہ دکھائی دے رہے ہیں۔یہی کانگریس لیڈرویکسین کی دریافت کے وقت اورمرکزی حکومت کی جانب سے حتمی فیصلہ کئے جانے کے موقع پرطنزکرتے ہوئے کہاتھاکہ یہ ویکسین نہیں ڈرامہ ہے۔آج جس کوویکسین کے طورپرپیش کیاجارہاہے وہ ویکسین نہیں بلکہ ڈسٹلری پانی سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔یہ ویکسین کوئی نہ لے،اس طرح کانگریس نے ویکسین کے سلسلہ میں افواہیں پھیلائی تھی۔
کانگریس کوتنقیدکانشانہ بناتے ہوئے کمارسوامی نے کہاکہ ویکسین کی دریافت کے ابتدائی دنوں میں ویکسین نہ لینے کی اپیل عوام سے کرتے رہے،کانگریس کی جھوٹی باتوں اورافواہوں کی وجہ سے ملک میں تیارویکسین لینے کے لیے کوئی بھی شہری آمادہ نہیں ہوا۔اس وقت جتنی ویکسین تیارہوئی تھی کہیں ویسٹ نہ ہوجائے اس سبب سے ہندوستان نے اس ویکسین بیرون ممالک روانہ کرنے کافیصلہ کیا۔شروعات میں کانگریس کی بچکانہ حرکتوں کی وجہ سے آج ملک بھرمیں ویکسین کی قلت کا مسئلہ درپیش ہے۔
انہوں نے ریاستی بی جے پی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کوروناانفیکشن میں کمی لانے کے لیے ریاست میں مزیدایک مہینہ کالاک ڈاؤن ناگزیرہے۔ریاست میں لاک ڈاؤن کی توسیع ایک اورمہینہ تک کی جائے اورغریبوں کے لیے خصوصی اقتصادی پیکیج کا اعلا ن کیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کورونامتاثرین کی تعدادمیں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتاجارہاہے۔24مئی کے بعد لاک ڈاؤن میں ایک مہینہ تک توسیع کرنا ناگزیرہوگیاہے۔اگرلاک ڈاؤن میں توسیع نہیں کی گئی تو ریاست میں ایک بہت بڑاحاد ثہ رونماہوسکتاہے۔اس لیے لاک ڈاؤن میں توسیع ضروری ہے۔حکومت کوچاہئے کہ غریبوں کے لیے خصوصی مالیاتی پیکیج کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں کووڈانفیکشن کم نہیں ہوبلکہ کووڈٹیسٹ میں کمی لائی گئی ہے،اس سے ریاست میں متاثرین اوراموات میں اضافہ ہوسکتاہے۔ریاستی حکومت اپنی ناکامی چھپانے کی کوشش میں عوام کوگمراہ کررہی ہے۔حکومت کووڈمعاملہ میں ایک بارغلطی کرچکی ہے،دوبارہ غلطی کرنے سے بازآناہوگا۔